پولیس نے پیر کو بتایا کہ پاکستان سے اڑنے والے ڈرون کے ذریعے گیارہ دستی بم گرائے گئے جو پنجاب کے ضلع گورداس پور میں انٹرنیشنل بارڈر کے قریب ایک کھیت سے برآمد ہوئے ۔ گورداس پور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس راجندر سنگھ سوہل نے بتایا کہ یہ سامان سرحد سے تقریبا 1 کلومیٹر دور واقع سالاچ گاؤں کے ایک کھیت میں ملے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہینڈ گرنیڈ کا خانہ لکڑی کے فریم سے منسلک کیا گیا تھا اور اسے ڈرون سے نیلان رسی سے باندھ کر نیچے اتارا گیا تھا ، پولیس نے مزید بتایا کہ انہوں نے اتوار کی شام کو اسے برآمد کیا ۔
ڈائریکٹر جنرل پولیس (ڈی جی پی) دنکر گپتا نے بتایا کہ اُنہیں ڈرون کی نقل و حرکت کے بارے میں بارڈر سیکیورٹی فورس سے اطلاع ملنے کے فوری بعد سرچ آپریشن شروع کیا۔ گورداس پور سیکٹر میں چکری بارڈر چوکی پر تعینات بی ایس ایف اہلکاروں نے رات قریب ساڑھے گیارہ بجے کے قریب ایک پاکستانی ڈرون ہندوستانی حدود میں داخل ہوتا ہوا دیکھا تھا اور انہوں نے فوری طور پر اسے نیچے لانے کے لئے متعدد گولیاں چلائیں۔
پولیس نے بتایا کہ تاہم یہ ڈرون بازیاب نہیں ہوا تھا اور شبہ ہے کہ وہ بازیاب شدہ پے لوڈ کو چھوڑنے کے بعد واپس پاکستان میں پرواز کرنے میں کامیاب ہوگیا۔