گورنر خیبر پختونخوا نے اسمبلی تحلیل کی سمری پر دستخط کر دیے
خیبر پختونخوا کے وزیرِ اعلیٰ حاجی غلام علی نے صوبائی اسمبلی کی تحلیل کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں جس کے بعد خیر پختونخوا حکومت ختم ہو گئی ہے۔
وزیرِ اعلیٰ محمود خان نے منگل کی شب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری گورنر کو ارسال کی تھی اور انہیں اسمبلی تحلیل کرنے کی تجویز دی تھی۔
پاکستان تحریکِ انصاف نے پنجاب اسمبلی کے بعد خیبر پختونخوا کی اسمبلی کی تحلیل کا اعلان کیا تھا۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کی تحلیل کے بعد محمود خان نگراں کابینہ کے قیام تک وزیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے کام کرتے رہیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم درانی صوبے میں نگراں وزیرِ اعلیٰ کے لیے ناموں پر مشاورت کریں گے۔
تحریکِ انصاف کے 34 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور
اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے 34 اراکینِ قومی اسمبلی کے استعفے منظور کر لیے ہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا گیا ہے۔
اسپیکر کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ان اراکین کو ڈی نوٹیفائی کر دیا ہے۔
جن اراکین کے استعفے منظور کیے گئے ہیں، ان میں سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک، فواد چوہدری، شہریار آفریدی، علی امین گنڈا پور، نور الحق قادری، مراد سعید، عمر ایوب خان، اسد قیصر، راجہ خرم شہزاد نواز، علی نواز اعوان، اسد عمر، صداقت علی خان، غلام سرور خان اور شیخ راشد شفیق بھی شامل ہیں۔
شاہ محمود قریشی، حماد اظہر، ثناء اللہ مستی خیل، شفقت محمود، ملک عامر ڈوگر، فہیم خان، سیف الرحمٰن اور محمد عالمگیر کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔
خواتین کی مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی کی زرتاج گل اور کنول شوزب کے استعفے بھی منظور کر لیے گئے ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے ایسے وقت میں پی ٹی آئی اراکین کے استعفے منظور کیے ہیں جب تحریکِ انصاف نے عندیہ دیا تھا کہ صدرِ پاکستان وزیرِ اعظم شہباز شریف سے اعتماد کا ووٹ لے سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم کا ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا اعلان
مرکز میں حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی خالی نشستوں پر پی ڈی ایم کے امیدوار حصہ نہیں لیں گے۔
مقامی میڈیا کے مطابق ان کا مزید کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کی وجوہات بعد میں جاری کی جائیں گی۔
’اسپیکر تو کہتے تھے ایک ایک کرکے استعفیٰ منظور کروں گا‘
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کہتے ہیں کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر تو کہتے تھے ایک ایک کرکے استعفے منظور کریں گے لیکن انہوں نے خوف زدہ قیادت کو بے نقاب کر دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ
پاکستان تباہی کی طرف جا رہی ہے اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو ملک انتشار اور معاشی تباہی کی طرف جائے گا۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ حالات کی سنگینی ایسی ہے کہ الیکشن کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے۔
’تمام نشستوں پر عمران خان امیداوار‘
تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تمام نشستوں پر الیکشن لڑے گی اور ان تمام نشستوں پر امیدوار عمران خان ہوں گے۔
خیال رہے کہ منگل کو قومی اسمبلی کے اسپیکر نے پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان میں سے 34 کے استعفے منظور کیے تھے جب کہ شیخ رشید کا استعفیٰ بھی قبول کر لیا گیا ہے۔
قبل ازیں اکتوبر 2022 میں قومی اسمبلی کے سات حلقوں پر ضمنی انتخابات میں عمران خان پی ٹی آئی کے امیدوار تھے۔ ان سات میں چھ پر عمران خان کامیاب ہوئے تھے۔
تصویر کریڈٹ : https://i.samaaenglish.tv/primary/2022/07/221830111b8b0e8.png