کراچی: صدر کے علاقے میں دھماکہ، ایک شخص ہلاک 13 زخمی

خبریں

کراچی کے صدر کے علاقے میں ایک دھماکہ ہوا ہے جس میں کم از کم ایک شخص کے ہلاک اور 13 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

وزیراعلی سندھ کو شہر کے مصروف ترین کاروباری علاقے میں ہونے والے دھماکے سے متعلق بھجوائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دھماکہ بظاہر ایک دیسی ساختہ آلے کی مدد سے کیا گیا جو ایک موٹر سائیکل میں نصب تھا۔ اس دھماکے میں ایک راہ گیر ہلاک ہو گیا جبکہ زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

دھماکے سے قریب کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے جبکہ جائے وقوعہ کے قریب واقع ہوٹلوں اور عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

سندھ حکومت کے ترجمان اور مشیر قانون بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر شاہد رسول سے بریفنگ کے بعد بتایا ہے کہ دھماکے میں ہلاک ہونے والے شخص کا نام عمر اللہ ہے۔ ان کے بقول اس وقت ہسپتال میں آٹھ زخمی موجود ہیں جبکہ دیگر کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعدہسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

دھماکے کے بعد ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں میں بتایا گیا کہ جائے واقعہ کے قریب کوسٹل گارڈ کا دفتر تھا تاہم کراچی میں ڈی آئی جی ساوتھ شرجیل کھرل نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا ہے کہ بظاہر کوئی ادارہ یا مخصوص گاڑی اس دھماکے میں ہدف نہیں تھی۔

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے بھی کہا ہے کہ دھماکے کے بارے میں پہلے سے اطلاعات موجود نہیں تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے علم میں یہ نہیں کہ اس طرح کے کسی واقعے کا پہلے سے الرٹ موجود ہو۔

پاکستان کے وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے چیف سیکریٹری سندھ سے دھماکے کی رپورٹ طلب کر لی اور ان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

وزیراعظم شہباز شریف اوروزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے واقعے کی مذمت کی ہے۔ وزیراعظم نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیہ پیغام میں کہا ہے کہ صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر امن دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ کراچی میں 26 اپریل کو کراچی یونیورسٹی میں ایک خاتون خودکش بمبار کے حملے میں چین سے تعلق رکھنے والے تین اساتذہ سمیت چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اسی طرح حالیہ رپورٹوں میں بتایا جا رہا ہے کہ پاکستان کے اندر دہشتگردی کے واقعات میں تیزی آئی ہے۔

تصویر کریڈٹ : https://images.hindustantimes.com/img/2022/05/13/1600×900/AP05-13-2022-000003B-0_1652421930286_1652422026613.jpg