کابل یونیورسٹی میں فائرنگ، سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان جھڑپ
افغانستان کی کابل یونیورسٹی میں دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے جہاں سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔
کابل یونیورسٹی میں فائرنگ کی کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہیں جن میں طلبہ کو ادھر اُدھر بھاگتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
افغان وزارتِ داخلہ نے یونیورسٹی میں فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے جہاں فائرنگ کی آوازیں بدستور سنی جا سکتی ہیں۔
ترجمان طارق آریان کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں کسی کے زخمی ہونے یا ہلاکت سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا اور فوری طور پر ذمہ داروں سے متعلق کچھ نہیں کہا جا سکتا۔
ترجمان کے مطابق کابل یونیورسٹی میں فائرنگ سے قبل قریبی علاقے میں ایک دھماکہ بھی ہوا ہے جس میں کم از کم چھ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان کے بقول یونیورسٹی میں فائرنگ اور دھماکے سے متعلق یہ کہنا قبل از وقت ہوگا یہ دونوں واقعات ایک منصوبے کے تحت ہوئے ہیں۔
دوسری جانب طالبان نے یونیورسٹی میں فائرںگ کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
کابل یونیورسٹی میں فائرنگ کے بعد طلبہ کو یونیورسٹی کی دیواریں پھلانگتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ اس وقت ہوئی جب یونیورسٹی میں طلبہ کی بڑی تعداد موجود تھی۔
Photo Credit : https://media.istockphoto.com/photos/full-frame-image-of-afghanistan-flag-picture-id479206726?k=6&m=479206726&s=612×612&w=0&h=HfQEizDPQRneS2RL7sDSOyc-bNAsAhOlkqCWYMBa-Ak=