میکسیکو جیل پر حملہ، محافظوں سمیت 14 ہلاک، 24 قیدی فرار
امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر الپاسو کے قریب میکسیکو کے سرحدی شہر سیوڈاڈ واریز میں اتوار کی صبح بکتر بند گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے ایک جیل پر حملہ کر دیا جس میں دس گارڈ اور چار قیدی ہلاک ہو گئے۔
ریاست چیواوا کے پراسیکیوٹر کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صبح سات بجے متعدد مسلح گاڑیاں جیل میں آکر رکیں اور اور محافظوں پر فائرنگ شروع کر دی۔ ہلاک ہونے والوں کے علاوہ 13 افراد زخمی ہوئے اور کم از کم 24 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
ریاست چیواوا ٹیکساس کے پاس ایک خودمختار علاقہ ہے جہاں جرائم پیشہ افراد اور ڈرگ مافیا کے کا رندوں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔
میکسیکو کے فوجیوں اور ریاستی پولیس نے اتوار کو بعد میں جیل کا کنٹرول حاصل کر لیا۔ سٹیٹ پراسیکیوٹر کے دفتر نے کہا ہے کہ اس کے اہل کار چھان بین کر رہے ہیں۔
اگست کے مہینے میں اسی جیل میں شروع ہونے والے بلوے واریز کی سڑکوں تک پھیل گئے تھے اور تشدد میں گیارہ افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
اس واقعے میں، جیل کے اندر دو قیدیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا اور پھر مبینہ گینگ کے ارکان نے قصبے میں فائرنگ شروع کر دی تھی، جس میں ایک ریستوران میں ایک اشتہاری مہم کے دوران، ایک ریڈیو سٹیشن کے چار ملازمین ہلاک ہو گئے تھے۔
میکسیکو کی جیلوں میں تشدد کے واقعات کثرت سے ہوتے ہیں، بشمول کچھ ایسی جیلوں کےجہاں حکام صرف برائے نام کنٹرول رکھتے ہیں۔ حریف گروہوں کے قیدیوں کے درمیان باقاعدگی سے جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جو واریز جیسے مقامات پر منشیات کے کارٹلز کے لیے پراکسی کا کام کرتے ہیں۔
ریاستی پراسیکیوٹر کے دفتر کے بیان کے مطابق، اتوار کو جیل پر حملے سے کچھ دیر پہلے، میونسپل پولیس پر حملہ کیا گیا جو تعاقب کے بعد چار افراد کو پکڑنے میں کامیاب ہو گئی۔ بعد میں، پولیس نے ایک ایس یو وی میں سفر کرنے والے دو مبینہ بندوق برداروں کو ہلاک کر دیا۔
تصویر کریڈٹ : https://encrypted-tbn0.gstatic.com/images?q=tbn:ANd9GcSEm1TeHJI_4Oj5Ft2kRCdEWPpZxmhBARklB4zcDXLdQPcvV1D233qPzUdT0EMFHgPzisM&usqp=CAU