فلم ‘اونیسٹ تھیف،’ رواں ہفتے 37 لاکھ ڈالرز کما کر سرِ فہرست
امریکہ کی کچھ ریاستوں میں سنیما کھلے دو ہفتے ہو گئے ہیں جب کہ بیشتر سنیما ہالز تاحال بند ہیں۔ اس کے باوجود لیام نیسن کی تھرلر فلم ‘اونیسٹ تھیف’ (Honest Thief) باکس آفس پر سب سے آگے ہے۔
‘اونیسٹ تھیف’ گزشتہ ہفتے امریکہ سے پہلے کینیڈا میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ شمالی امریکہ میں اس فلم نے ریلیز کے پہلے ہفتے ہی 37 لاکھ ڈالرز کا بزنس کرکے باکس آفس پر برتری حاصل کر لی۔
ادکار لیام نیسن نے فلم میں بدنامِ زمانہ ڈاکو کا کردار نبھایا ہے جو خود کو بدلنا چاہتا ہے۔ لیکن ایف بی آئی کے دو ایجنٹ اسے دھوکہ دیتے ہیں۔
ہمارا ہند کے مطابق ، فلم نے میامی ، شکاگو ، سان ڈیاگو اور اٹلانٹا سمیت دیگر کئی ریاستوں میں بھی عمدہ کمائی کی ہے۔
گزشتہ ہفتے باکس آفس پر ‘دی وار ود گرینڈ پا’ ‘The War with Grandpa’ اچھا بزنس کر رہی تھی تاہم اس ہفتے رابرٹ ڈی نیرو کی یہ کامیڈی فلم 25 لاکھ ڈالر کا بزنس کر کے دوسرے نمبر پر رہی۔
لیکن گزشتہ 10 روز کے دوران فلم نے مجموعی طور پر 73 لاکھ ڈالرز کمائے۔
کرسٹوفر نولان کی فلم ‘ٹینیٹ’ اس ہفتے 16 لاکھ ڈالرز کمانے کے بعد تیسری پوزیشن لینے میں کامیاب رہی۔
جان ڈیوڈ واشنگٹن اور رابرٹ پیٹیسن کی اداکاری سے سجی فلم ‘ٹینیٹ’ ریلیز سے اب تک 50 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز سے زائد کا بزنس کر چکی ہے۔
ہمارا ہند کے مطابق ، سائنس فکشن فلم ‘ٹینیٹ’ کی ریلیز کا یہ ساتواں ہفتہ ہے۔ یہ فلم بیرون ممالک میں بھی اچھا کاروبار کرنے میں کامیاب رہی ہے۔
مجموعی طور پر سنیما کھلنے کے دوسرے ہفتے بھی کرونا وبا کے باعث فلم بینوں کی تعداد کم رہی۔ امریکہ میں سنیما ہالز کرونا وبا کے باعث مخصوص اوقات کے لیے ہی کھلتے ہیں۔
تھیٹر مالکان کا کہنا ہے کہ فلم بینوں کو ہالز تک آنے سے خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔
ہمارا ہند کے مطابق ، بڑے فلمی اسٹوڈیوز کی نئی فلموں کی کمی ہے کیونکہ ہالی ووڈ کمپنیاں بڑی فلمیں ریلیز کرنے سے گریزاں ہیں ، جبکہ نیو یارک اور لاس اینجلس جیسے بڑے بازاروں میں سینما ہال ابھی بھی بند ہیں۔
گزشتہ ہفتے ڈزنی نے 1993 میں ریلیز ہونے والی کلاسیکل فلم The Nightmare before chirstmas کو دوبارہ سنیما ہالز کی زینت بنایا۔
فلم صرف دو دنوں یعنی جمعہ اور ہفتے کو 13 لاکھ ڈالرز کمانے میں کامیاب ہوگئی جب کہ 30 سال پہلے ریلیز ہونے والی ایک اور فلم ‘Hocus Pocus’ نے ویک اینڈ پر 7 لاکھ 65 ہزار ڈالر سے زیادہ رقم بٹورنے میں کامیاب رہی۔