جنوبی افریقہ: انگلش کرکٹ اسکواڈ کے دو اراکین کے کرونا ٹیسٹ مثبت

جنوبی افریقہ: انگلش کرکٹ اسکواڈ کے دو اراکین کے کرونا ٹیسٹ مثبت

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڑ نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی افریقہ میں موجود کرکٹ ٹیم کے دو اراکین کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ تاہم بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ مزید تصدیق کے لیے کھلاڑیوں کے دوبارہ ٹیسٹ کیے جائیں گے۔

حمارا ہند کے مطابق ، اتوار کے روز برطانوی کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں اس وبا سے متاثرہ دونوں افراد کے نام ظاہر نہیں ہوئے اور یہ نہیں بتایا کہ وہ کھلاڑی تھے یا ٹیم کے عہدیدار۔ ۔

خیال رہے کہ برطانیہ اور جنوبی افریقہ کے درمیان پہلا ایک روزہ میچ کیپ ٹاؤن میں شیڈول تھا۔ تاہم میچ شروع ہونے سے چند گھنٹے قبل ایک جنوبی افریقن کھلاڑی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد میچ اتوار کو جنوبی افریقہ کے شہر پارل میں منتقل کر دیا گیا تھا۔

دریں اثنا کیپ ٹاؤن میں ہوٹل کے عملے کے دو اہلکاروں کے ٹیسٹ مثبت آنے پر ہفتے کی شب تمام کھلاڑیوں کے کرونا ٹیسٹ کیے گئے تھے۔ حالاں کہ جنوبی افریقن کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں، میچ آفیشلز اور ہوٹل کے عملے کو بائیو سیکیور ماحول میں رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔

برطانوی کرکٹ بورڈ کے مطابق جب تک طبی ٹیم کی طرف سے ہدایات نہیں دی جاتیں، کھلاڑی اور ٹیم آفیشلز کمروں تک محدود رہیں گے۔

برطانیہ کے دورۂ جنوبی افریقہ کے دوران تین ساؤتھ افریقن کھلاڑیوں میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جن کے نام افریقی بورڈ کی جانب سے ظاہر نہیں کیے گئے۔

ہوٹل کے دو اہلکاروں میں کرونا وائرس کی تشخیص کی اطلاعات آنے کے بعد قریبی شہر پارل میں اتوار کو کھیلے جانے والے ایک روزہ میچ میں تاخیر کی گئی تھی۔ تاہم برطانوی ٹیم کے دو اراکین میں وائرس کی تشخیص کے بعد میچ کو منسوخ کر دیا گیا۔

برطانوی اور افریقی بورڈ کی جانب سے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ سیریز کے بقیہ میچوں سے متعلق فیصلہ کرونا ٹیسٹوں کی آزاد طبی ماہرین سے تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔

برطانوی کرکٹ ٹیم کے منیجنگ ڈائریکٹر ایشلے جائلز کا کہنا ہے کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ آج کا میچ نہیں کھیل سکے۔ لیکن ان کے بقول کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی صحت ان کی پہلی ترجیح ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک باقی ٹیسٹوں کے نتائج اور دونوں ٹیموں کی طرف سے طبی ہدایات نہیں آ جاتیں، میچز نہیں ہو سکتے۔

ان کے بقول وہ افریقی بورڈ سے رابطے میں ہیں اور وہ دیکھیں گے کہ کیسے آگے بڑھا جائے۔

جنوبی افریقہ کے دو کھلاڑیوں میں کرونا وائرس کی تشخیص تین میچوں پر مبنی ٹی ٹونٹی سیریز سے پہلے ہوئی تھی۔ جو کہ برطانیہ نے تین صفر سے جیت لی تھی۔

برطانیہ کی ٹیم کو شیڈول کے مطابق جمعرات کو اپنے وطن واپس روانہ ہونا ہے۔

Photo Credit : https://africa.cgtn.com/wp-content/photo-gallery/2020/12/gettyimages-1288885262-594×594.jpg