ترکیہ، شام زلزلہ: تیسرے روز بھی ملبے تلے زندگی کی تلاش، اموات نو ہزار سے متجاوز
ترکیہ اور شام میں تیسرے روز بھی عمارتوں کے ملبے سے لوگوں کو نکالنے کا عمل جاری ہے۔ زلزلے سے متاثرہ دونوں ملکوں میں اب تک نو ہزار سے زیادہ افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
ترکیہ کے نائب صدر فواد اوکتائے نے بتایا ہے کہ ملک میں زلزلے سے مرنے والوں کی تعداد چھ ہزار 957 ہے جب کہ 34 ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اب تک ملک کے 10 صوبوں میں ملبے سے آٹھ ہزار سے زیادہ افراد کو نکالا جا چکا ہے اور لگ بھگ تین لاکھ 80 ہزار افراد کو حکومت کی جانب سے قائم کردہ خیموں یا ہوٹلوں میں ٹھہرایا گیا ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ زلزلے سے ایک کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے متاثرہ صوبوں میں ہنگامی حالت بھی نافذ کر رکھی ہے۔
ترکیہ کے حکام کو امدادی سرگرمیوں میں سستی کے الزامات کا بھی سامنا ہے۔
نور گل آتے زلزلے سے متاثرہ صوبے خطائے کے شہر انطاکیہ کی رہائشی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گھر کے ملبے سے ان کی ماں کی آواز آ رہی تھی لیکن انہیں بچانے کے لیے آنے والے ریسکیو اہلکاروں کے پاس ملبہ ہٹانے کے لیے آلات ہی نہیں تھے۔
نورگل نے کہا کہ اگر کنکریٹ کا ایک ٹکڑا ہٹا دیا جائے تو وہ اپنی ماں تک پہنچ سکتی ہیں۔ ان کے بقول، میری والدہ کی عمر 70 برس ہے اور وہ زیادہ وقت ملبے کے ڈھیر کے نیچے زندہ نہیں رہ سکتیں۔
ترکیہ کے وزیرِ صحت فرحتین کوکا کے مطابق خطائے صوبے میں 1647 افراد ہلاک ہوئے ہیں جو زلزلے سے متاثرہ ملک کے کسی بھی صوبے میں سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خطائے ایئرپورٹ کا رن وے بری طرح متاثر ہونے کی وجہ سے ایئرپورٹ کو پروازوں کے لیے بند کر دیا گیا ہے جس کی وجہ سے امدادی کاموں میں دشواری کا سامنا ہے۔
دوسری جانب شام میں حکومت کے زیرِ اثر علاقوں میں ہلاکتوں کی تعداد 1250 تک پہنچ گئی ہے جب کہ باغیوں کے زیرِ قبضہ علاقوں میں 1280 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
شام کی وزارتِ صحت نے بتایا ہے کہ زلزلے سے ملک میں 1400 افراد زخمی ہیں۔
پاکستان سے امدادی سامان لے کر طیارہ ترکیہ پہنچ گیا
پاکستان فضائیہ کا دوسرا سی۔130 طیارہ امدادی سامان لے کر بدھ کو ترکیہ پہنچ گیا ہے۔
حکومتِ پاکستان کی ہدایت پر فضائیہ کا دوسرا طیارہ پی اے ایف بیس لاہور سے خیمے، کمبل اور دیگر اشیائے ضروریہ پر مشتمل 18 ہزار 634 پاؤنڈز سامان لے کر ترکیہ پہنچا ہے۔
حکام کے مطابق ترکیہ میں پھنسے طلبہ کو وطن واپس لانے کے لیے وزارتِ خارجہ اور ترکیہ میں پاکستانی سفارت خانے کے تعاون سے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
تصویر کریڈٹ : https://i.natgeofe.com/n/db120473-5750-43a1-bd31-677eb206193c/turkey-earthquake-ap_20304564846252_4x3.jpg