امیگریشن کے بارے میں امریکیوں کا اطمینان دس سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے: گیلپ سروے
گیلپ کے ایک نئے سروے سے ظاہر ہوا ہے کہ امریکہ میں امیگریشن سے متعلق امریکیوں کا اطمینان دس سال میں اپنی کم ترین سطح پر پہنچ گیا ہے ۔ سروے میں شامل تقریباً 63 فیصد امریکیوں نے کہا کہ وہ امیگریشن سے غیر مطمئن ہیں۔
یہ جائزہ 2001 سے متعدد مسائل پر شروع کئے گئے ایک سالانہ جائزے کے سلسلے میں جنوری 2022 میں کیا گیا تھا ۔
جائزے کے مطابق جنوری 2022 میں، امیگریشن پر مجموعی طور پر اطمینان 34 فیصد رہا۔ جب کہ رواں سال جنوری میں، یہ شرح 28 فیصد تک کم ہو گئی ۔ پولنگ کے 23 سالوں میں، سب سے کم اطمینان ، 23 فی صد2007 میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔ سب سے زیادہ اطمینان جو 41فیصد تھا 2018 میں ریکارڈ کیا گیا تھا ۔
پارٹی کی سطح پر امیگریشن میں کمی کی خواہش میں اضافہ ہوا لیکن ری پبلکنز میں یہ جذبہ مسلسل انتہائی شدید رہا ۔
گیلپ کی سماجی سروےسے متعلق امریکہ کی ڈائریکٹر، لیڈیا سعد نے بتایا کہ ہم جانتے ہیں کہ کوویڈ کے بعد سے اور سرحد پر ہونے والے تمام واقعات کے باعث تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور اسی وجہ سے لوگوں میں غیر قانونی امیگریشن پر تشویش اور امیگریشن کی سطح پر اطمینان کے درجے میں کمی ظاہر ہوئی ہے ۔
گیلپ کے مطابق، 2021 میں، 40 فیصد ریپبلکنز نے کہا کہ ان کا خیال ہے کہ امیگریشن کی سطح بہت زیادہ ہے۔ 2022 میں یہ تعداد بڑھ کر 69 فیصد ہو گئی اور تازہ ترین سروے میں یہ 71 فیصد تھی، جو ریپبلکنز کے لیے سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی شرح ہے۔
ڈیمو کریٹس میں بھی اس بارے میں عدم اطمینان بڑھا ہے کہ امیگریشن کی شرح بہت زیادہ ہے ۔ یہ عدم اطمینا ن جو 2021 میں 2 فیصد تھا ،2022 میں 11 فیصد اور پھر جنوری میں 19 فیصد ہو گیا۔ غیر جانبدار لوگوں میں یہ تعداد 2021 میں 19 فیصد سے بڑھ کر 2022 میں 32 فیصد اور جنوری میں 35 فیصد ہو گئی۔
تصویر کریڈٹ : https://www.facebook.com/photo/?fbid=230177519155383&set=a.230177482488720