امریکہ میں کانگریس کی نشستوں اور ریاستی گورنرز کے بھی انتخابات

امریکہ میں کانگریس کی نشستوں اور ریاستی گورنرز کے بھی انتخابات

امریکہ میں صدر اور نائب صدر کے انتخاب کے علاوہ ایوانِ نمائندگان کی 435 جب کہ سینیٹ کی ایک تہائی نشستوں پر بھی انتخاب ہو رہا ہے جب کہ 11 ریاستوں میں نئے گورنرز کا بھی انتخاب ہو رہا ہے۔

مبصرین کا کہنا ہے کہ وائٹ ہاؤس تک چاہے جو بھی اُمیدوار جائے لیکن کانگریس کے انتخابات کے نتائج بھی ملکی سیاست پر اثر انداز ہوں گے۔

موجودہ ایوانِ نمائندگان میں ڈیمو کریٹک پارٹی کو اکثریت حاصل ہے جب کہ سینیٹ میں ری پبلکن پارٹی کی اکثریت ہے۔

دونوں جماعتوں کی یہ کوشش ہو گی کہ کانگریس میں بھی اپنی برتری ثابت کریں۔

ایوانِ نمائندگان کے اراکین کا انتخاب

امریکہ میں ووٹرز تین نومبر کو صدر اور نائب صدر کے علاوہ 50 ریاستوں سے ایوانِ نمائندگان کے 435 اراکین کا بھی انتخاب کر رہے ہیں۔

ہر ریاست میں آبادی کے تناسب سے ایوانِ نمائندگان کے اراکین ہوتے ہیں۔ سب سے زیادہ آبادی والی ریاست کیلی فورنیا میں ایوانِ نمائندگان کے لیے 53 نشستیں ہیں جب کہ رقبے کے لحاظ سے سب سے بڑی ریاست الاسکا میں صرف ایک نشست ہے۔

ایوانِ نمائندگان کے اراکین کا انتخاب دو سال کے لیے ہوتا ہے۔ 2018 میں ہونے والے مڈ ٹرم انتخابات میں ڈیمو کریٹک پارٹی نے زیادہ نشستیں حاصل کی تھیں۔ اس وقت ایوانِ نمائندگان میں ڈیمو کریٹک پارٹی کی 232 جب کہ ری پبلکن پارٹی کے 197 اراکین ہیں۔

ڈیمو کریٹک رہنما اس توقع کا اظہار کر رہے ہیں کہ وہ ان انتخابات میں زیادہ نشستیں حاصل کریں گے۔

امریکی عوام 11 ریاستوں ڈیلاویئر، انڈیانا، میزوری، ورمونٹ، واشنگٹن، نیو ہیمپشائر، نارتھ ڈکوٹا، مغربی ورجینیا، نارتھ کیرولائنا، مونٹانا، یوٹاہ میں گورنرز کا بھی انتخاب کر رہے ہیں۔

سینیٹ انتخابات

تین نومبر کو امریکی ووٹرز سیینٹ کے ایک تہائی اراکین کا چناؤ بھی کر رہے ہیں۔ امریکہ کی 50 ریاستوں سے دو سینیٹرز منتخب ہوتے ہیں اور ان کی مجموعی تعداد 100 ہوتی ہے۔

ہر سینیٹر چھ سال کے لیے منتخب ہوتا ہے جب کہ سینیٹ کی ایک تہائی نشستوں پر ہر دو سال بعد الیکشن ہوتے ہیں۔

2018 کے مڈ ٹرم انتخابات میں ری پبلکن پارٹی نے کامیابی حاصل کی تھی اور اس کی سینیٹ میں 53 جب کہ ڈیمو کریٹک پارٹی کی 47 نشستیں ہیں۔


ایوانِ نمائندگان کے انتخابات کی اہمیت

امریکی صدر کے انتخاب میں ایوانِ نمائندگان کی اہمیت اُس وقت بڑھ جاتی ہے اگر کوئی بھی اُمیدوار صدارتی الیکشن میں کامیابی کے لیے درکار 270 ووٹ حاصل نہ کر سکے۔ اس صورت میں ایوانِ نمائندگان میں ووٹنگ ہوتی ہے۔

امریکہ میں 1800 اور 1824 کے صدارتی انتخابات میں ایوانِ نمائندگان نے صدر کا انتخاب کیا تھا۔

صدارتی انتخابات میں سینیٹ کی اہمیت

امریکی سینیٹ کا کام صدر کی جانب سے نامزدہ کردہ وفاقی عہدوں اور ججز کی منظوری دینا ہے۔ تاہم الیکٹورل کالج کے ڈیڈ لاک کے باعث سینیٹ میں نائب صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ ہوتی ہے۔

امریکی قانون کے تحت نائب صدر کو کامیابی کے لیے سینیٹ میں سے 67 اراکین کی حمایت کا حصول ضروری ہے۔

اُمیدواروں کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ اپنی کامیابی کے ساتھ ساتھ اُن کی جماعت کے اراکین ایوانِ نمائندگان اور سینیٹ میں بھی کامیاب ہوں تاکہ بطور صدر انتظامی معاملات اور فیصلہ سازی کے لیے انہیں کانگریس کی حمایت مل سکے۔

Photo Credit : https://www.newdelhitimes.com/motivations-vary-as-african-diaspora-vote-in-us-election/