امریکہ میں پہلی مرتبہ خواجہ سرا ڈاکٹر کی اہم عہدے پر تعیناتی کی توثیق

امریکی سینیٹ نے ریاست پینسلوینیا کی سابق سیکریٹری صحت ڈاکٹر ریچل لوین کی بطور اسسٹنٹ سیکریٹری صحت نامزدگی کی توثیق کر دی۔ وہ اس وفاقی عہدے پر تعینات ہونے والی پہلی خواجہ سرا ہیں۔

صدر جو بائیڈن نے لوین کو جنوری میں اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔ بدھ کو ہونے والی ووٹنگ میں سینیٹ نے 48 کے مقابلے میں 52 ووٹوں سے اُن کی نامزدگی کی توثیق کی۔

بائیڈن نے لوین کو اس عہدے کے لیے تجربہ کار اور موزوں قرار دیا تھا۔

جو بائیڈن نے کہا تھا کہ “لوین نسلی تعصب، رنگ، جنس، معذوری اور مذہب کو بالائے طاق رکھ کر لوگوں کو اس عالمگیر وبا سے بچانے کے لیے اپنا تجربہ بروئے کار لائیں گی۔”

حزبِ اختلاف کی جماعت ری پبلکن پارٹی کی سینیٹرز لیزا مرکوسکی اور سوسان کولنز نے بھی لوین کے حق میں ووٹ دیا۔

ریچل لوین سال 2017 سے پینسلوینیا میں بطور سیکریٹری صحت خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ وہ کرونا وائرس کے خلاف ریاست کی حکمت عملی کے دوران ایک عوامی چہرہ بن کر ابھری تھیں۔

ہارورڈ اور ٹیولین میڈیکل اسکول سے گریجویٹ ریچل لوین ایسوسی ایشن آف اسٹیٹ اینڈ ٹیریٹوریل ہیلتھ آفیشلز کی صدر ہیں۔ وہ ماضی میں شعبہ طب کے مختلف موضوعات پر لکھ بھی چکی ہیں۔

خواجہ سرا تنظیموں کا خیر مقدم

دوسری جانب لوین کی توثیق پر خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کام کرنے والے رضاکاروں نے خیرمقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

امریکہ میں محض چند خواجہ سراؤں کو ہی وفاقی یا ریاستی سطح پر بعض عہدوں پر تعینات کرنے کی مثال ملتی ہے۔

یہ توثیق ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب خواجہ سراؤں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے۔ کیوں کہ امریکہ بھر خاص طور پر ری پبلکنز کے زیرِ` اثر علاقوں میں قانون ساز ایسے بل متعارف کرا رہے ہیں جو نوجوان خواجہ سرا کو نشانہ بناتے ہیں۔

اسی نوعیت کا ایک بل کم از کم 25 ریاستوں میں پیش کیا گیا تھا جن میں خواجہ سرا ایتھلیٹس کے خواتین کی اسپورٹس ٹیم میں کھیلنے یا خواتین سے مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی کا بل بھی شامل ہے۔

ریاست مسی سپی نے بھی حال ہی میں اسی نوعیت کے ایک بل کی منظوری دی ہے جو رواں سال جون سے نافذ العمل ہو گا۔\

Photo Credit : https://upload.wikimedia.org/wikipedia/commons/thumb/f/f0/Seal_of_the_United_States_Senate.svg/1200px-Seal_of_the_United_States_Senate.svg.png

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: