‘اسپائڈر مین: نو وے ہوم’؛ سارے ولنز ایک ساتھ

امریکی فلم اور ٹیلی ویژن پروڈکشن کمپنی ‘مارویل اسٹوڈیوز’ کی سپر ہیرو فلم ‘اسپائڈر مین: نو وے ہوم’ کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار ہے۔ منگل کو فلم کا دوسرا ٹریلر جاری کیا گیا ہے جس نے دھوم مچا دی ہے۔​

فلم کے ٹریلر میں بچوں اور بڑوں میں مقبول سپر ہیرو اسپائڈر مین کو ایک نہیں بلکہ کئی سپر ولن سے لڑتا دکھایا گیا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ ٹریلر ریلیز ہوتے ہی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ‘اسپائڈر مین نو وے ہوم’ کا ہیش ٹیگ ٹرینڈ کرنے لگا اور چند ہی گھنٹوں میں ٹریلر کو ایک کروڑ سے زائد افراد نے دیکھا۔

ٹریلر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاں ٹام ہالینڈ کے اسپائڈر مین سے لڑنے کے لیے ڈاکٹر اکٹوپس، گرین گوبلن اور سینڈ مین جیسے سپر ولن اپنی اپنی دنیا سے آئے ہیں، وہیں ناظرین کو یہ بات بھی پتہ چلی ہے کہ اسپائڈر مین کی ایک لڑائی ڈاکٹر اسٹرینج سے بھی جاری ہے جس کا کردار بینیڈکٹ کمبر بیچ نے بخوبی ادا کیا ہے۔

یوں تو اسپائڈر مین کا کردار 1960 کی دہائی سے ٹی وی، کارٹون اور کامکس کی شکل میں موجود ہے۔ لیکن اسپائڈر مین سیریز کی پہلی فلم سن 2002 میں ریلیز ہوئی تھی جس کے ہدایت کار سیم ریمی تھے اور اس فلم میں اداکار ٹوبی میگوائر نے پیٹر پارکر اور اسپائڈر مین کا کردار ادا کیا تھا۔

اسپائڈر مین کی پہلی فلم کی کامیابی کے بعد 2004 اور 2007 میں اس سیریز کے دو اور سیکوئیل ریلیز کیے گئے تھے جنہیں شائقین نے بے حد پسند کیا تھا۔

پھر پانچ برس کے بعد ہدایت کار مارک ویب نے اس سیریز کو جب دوبارہ زندہ کیا تو انہوں نے اسپائڈر مین کے کردار کے لیے اداکار اینڈریو گارفیلڈ کو چنا۔

سن 2012 اور 2014 میں ریلیز ہونے والی ‘دی امیزنگ اسپائڈر مین’ نامی اس سیریز کو صرف دو فلموں بعد ہی ختم کر دیا گیا تھا۔

بعدازاں 2017 میں جب ‘اسپائڈر مین ہوم کمنگ’ ریلیز کی گئی تو یہ پہلا موقع تھا کہ اسپائڈر مین کو ایونجرز فرانچائز کا حصہ بنا کر پیش کیا گیا تھا۔

ہدایت کار جان واٹس کی زیرِ نگرانی بننے والی اس فلم کا سیکویل ‘اسپائڈر مین فار فرام ہوم’ بھی اتنا ہی مقبول ہوا جتنا اس کا پہلا حصہ ہوا تھا اور اب اس فلم کا تیسرا حصہ 17 دسمبر کو سنیما گھروں کی زینت بنے گا۔

اسپائڈر مین: نو وے ہوم؛ تمام ولنز ایک ساتھ

‘اسپائڈر مین: نو وے ہوم’ میں نہ صرف اسپائڈر مین کی تینوں فرنچائز کو یکجا کیا گیا ہے بلکہ اس میں ٹام ہالینڈ کے اسپائڈر مین کا مقابلہ تمام فلموں کے سپر ولن سے ہوتا ہے۔

معروف اداکار ولیم ڈیفو کے گرین گوبلن، ایلفرڈ مولینا کے ڈاکٹر اکٹوپس اور جیمی فوکس کے الیکٹرو سمیت اس فلم کے ٹریلر میں پانچ سپر ولن نظر آئے ہیں جو ایک کالج اسٹوڈنٹ پیٹر پارکر سے بھِڑ جاتے ہیں۔

فلم میں اسپائڈر مین ان پانچوں کرداروں سے کیسے نمٹے گا یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم کا انتظار کرنا ہو گا۔

ٹریلر کے مطابق فلم کی کہانی اسپائڈر مین کی گزشتہ فلم کے اختتام سے شروع ہوتی ہے جس میں جے جوناہ جیمسن پیٹر پارکر کی اصلیت دنیا کو بتا دیتا ہے۔ جس کے بعد تمام لوگ اسپائڈر مین کے تعاقب میں لگ جاتے ہیں۔

پیٹر پارکر اپنے دوست ڈاکٹر اسٹرینج سے درخواست کرتا ہے کہ وہ سب کے ذہن سے یہ راز غائب کر دیں تا کہ وہ اپنا کام بغیر کسی مداخلت کے جاری رکھ سکے۔

اپنے ساتھیوں کے منع کرنے کے باوجود ڈاکٹر اسٹرینج پیٹر پارکر کی بات پر عمل کرتا ہے۔ جس کے بعد اسپائڈر مین کے تمام یونی ورس ایک ہو جاتے ہیں۔

لوگوں کو اسپائڈر مین کی اصلیت تو پتہ ہوتی ہی ہے البتہ دوسری دنیا کے سپر ولن بھی اِس اسپائڈر مین کو اپنی دنیا کا اسپائڈر مین سمجھ کر اس سے لڑ پڑتے ہیں۔

ٹریلر میں یہ بات واضح ہے کہ جہاں ڈاکٹر اکٹوپس کو اندازہ ہو جاتا ہے کہ یہ اسپائڈر مین وہ اسپائڈر مین نہیں ہے جس کی اسے تلاش ہے۔ وہیں لیکنسینڈ مین، لزرڈ، الیکٹرو اور گرین گوبلن کو یہ بات واضح نہیں ہوتی اور وہ اسپائڈر مین کو ختم کرنے کے لیے یکجا ہو جاتے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ ‘سونی پکچرز’ کی ہی ریلیز کردہ فلم ‘وینم: لیٹ دیئر بی کارنیج’ کے آخر میں بھی اسپائڈر مین کی جھلک دکھائی گئی ہے اور امکان ہے کہ ٹام ہارڈی بھی اس فلم میں جلوہ گر ہوسکتے ہیں۔

جب سے شائقین نے 2018 میں ریلیز ہونے والی ‘اسپائڈر مین: ان ٹو دی اسپائڈر ورس’ اینی میٹڈ فلم دیکھی ہے۔ تب سے وہ ٹوبی میگوائر، اینڈریو گارفیلڈ اور ٹام ہالینڈ کو ایک ساتھ کسی اسپائڈر مین فلم میں دیکھنے کے منتظر ہیں۔

جب ‘اسپائڈر مین: نو وے ہوم’ کی شوٹنگ ہو رہی تھی تب بھی یہ کہا گیا تھا کہ اس فلم میں سپر ولن سے لڑنے کے لیے وہ اسپائڈر مین بھی ایکشن میں نظر آئیں گے جنہوں نے ان کرداروں کو شکست دی تھی۔

لیکن پہلی سیریز میں اسپائڈر مین کی محبوبہ کا کردار ادا کرنے والی کرسٹن ڈنسٹ اور دوسری سیریز میں اسپائڈر میں بننے والے اینڈرو گارفیلڈ کے انکار کے بعد اس کا امکان کم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔

تاہم پہلی سیریز میں اسپائیڈر مین بننے والے اداکار ٹوبی میگوائر کی خاموشی اور اداکار جے کے سمنز کی جے جوناہ جیمسن کے کردار میں واپسی اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہے کہ اسپائیڈر مین ان سپر ولن سے لڑائی میں اکیلا نہیں ہو گا۔

Photo Credit : https://1401700980.rsc.cdn77.org/data/images/full/102300/spider-man-no-way-home-leak-shows-doctor-octopus-strangling-peter-parker-photos.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published.