پاکستان کا زمبابوے کو پہلے ون ڈے میں جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف

پاکستان کا زمبابوے کو پہلے ون ڈے میں جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ایک روزہ میچ میں جیت کے لیے 282 رنز کا ہدف دیا ہے۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں میزبان ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو مقررہ 50 اوورز میں گرین شرٹس نے آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز بنائے۔

اوپننگ بلے باز امام الحق اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا اور پہلی وکٹ پر 47 رنز کی شراکت قائم کی۔ عابد علی 21 رنز بنا کر چارل ممبا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔

دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کپتان بابر اعظم تھے جو صرف 19 رنز بنا سکے جب کہ امام الحق بھی 58 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

مڈل آرڈر بلے باز حارث سہیل سب سے زیادہ 71 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، انہوں نے اپنی اننگز میں دو چھکے اور چھ چوکے بھی لگائے۔

افتخار احمد، 12، محمد رضوان، 14، فہیم اشرف 23 اور وہاب ریاض آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

عماد وسیم 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے بھی آٹھ رنز کی اننگز کھیلی۔

زمبابوے کی جانب سے بلیسنگ اور چیسورو نے دو دو جب کہ سکندر رضا اور کارل ممبا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ میزبان پاکستان کی ٹیم لگ بھگ 13 ماہ بعد پہلی مرتبہ ون ڈے میچ کھیل رہی ہے جب کہ زمبابوے کی ٹیم بھی مارچ کے بعد پہلی مرتبہ کسی ٹیم کے خلاف میچ کھیل رہی ہے۔

دونوں ٹیموں کی گزشتہ پانچ میچز کی کارکرگی کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان نے تمام پانچ میچز میں کامیابی حاصل کی جب کہ زمبابوے کی ٹیم کو تمام پانچ میچز میں شکست ہوئی تھی۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان ون ڈے سیریز اس لیے بھی اہم ہے کیوں کہ سیریز جیتنے والی ٹیم کو ملنے والے پوائنٹس ورلڈ کپ 2023 کے لیے کوالیفائی کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اپنے خلاف کسی بھی ٹیم کو ہلکا نہیں لیں گے۔ ہمیں زمبابوے کے خلاف سیریز کا چیلنج درپیش ہے اور اسے سنجیدہ لیں گے۔

زمبابوے کے کپتان چامو چیباہا نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا ہر میچ ہمارے لیے اہمیت کا حامل ہے اور تمام کھلاڑی ایک ٹیم بن کر مقابلے کے لیے تیار ہیں۔

پاکستان ٹیم امام الحق، عابد علی، کپتان بابر اعظم، حارث سہیل، محمد رضوان، افتخار احمد، فہیم اشرف، وہاب ریاض، عماد وسیم، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

اسی طرح زمبابوے کی ٹیم میں سکندر رضا، برین چاری، کپتان چامو چیباہا، ٹینڈو چیسورو، کریگ ایرون، ویسلے مدیور، کارل ممبا، بلیسنگ مزرابانی، رچرڈ نگراوا، برینڈن ٹیلر اور سین ولیم شامل ہیں۔

Photo Credit : https://d2gjl3w70qc898.cloudfront.net/content/uploads/2020/09/23191025/Cricket365-Pakistan-Zimbabwe.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: