میڈونا کا اپنی زندگی پر مبنی فلم خود ڈائریکٹ کرنے کا اعلان

میڈونا کا اپنی زندگی پر مبنی فلم خود ڈائریکٹ کرنے کا اعلان

ہالی وڈ گلوکارہ میڈونا نے اپنی زندگی پر مبنی فلم بنانے اور اسے خود ہی ڈائریکٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔

میڈونا نے اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی زندگی ایک حیرت انگیز سفر ہے۔ اس سفر کی چار دہائیاں چکا چوند سے جڑی ہوئی ہیں، جو دلچسپی سے خالی نہیں ہے۔ وہ چاہتی ہیں کہ اس سفر سے لوگوں کو بھی آگاہ کریں۔

میڈونا، گلوکارہ، موسیقارہ اور اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ ڈائریکٹر بھی ہیں۔

اپنے بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کی زندگی کسی تفریحی پارک میں نصب اور ہوا میں بل کھاتی پٹریوں پر ہچکولے لیتی ٹرین یا رولر کوسٹر کی طرح ہے۔ فلم کے ذریعے ان کے مداح ایسی کئی باتوں اور رازوں سے پردہ اٹھتے دیکھیں گے جو ابھی تک کسی کو معلوم نہیں۔

ان کے بقول ان رازوں سے آگاہی اور متاثر کن واقعات کو بیان کرنے والا بھلا ان سے بہتر اور کون ہو سکتا ہے؟ اسی لیے وہ خود اس سفر کو فلمی اسکرین پر پیش کرنا چاہتی ہیں۔

میڈونا کا یہ بھی کہنا تھا کہ وہ اپنی ‘بائیو پک’ کے ذریعے اس نا قابلِ یقین سفر کے بارے میں بتانا چاہتی ہیں جو انہوں نے بطور ایک فنکارہ، موسیقارہ، رقاصہ اور سب سے بڑھ کر ایک انسان کی حیثیت سے طے کیا۔

انہوں نے کہا کہ فلم کی سب سے خاص بات اس کی موسیقی ہو گی۔

وہ کہتی ہیں کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں، موسیقی کی بدولت ہوں، میرا فن اسی کے سہارے زندہ ہے۔

ہمارا ہند کے مطابق ، میڈونا ان فلمی شخصیات میں شامل ہیں جن کی زندگی کے بہت سے پہلو چھپے ہوئے ہیں۔ اپنی 62 سال کی زندگی میں ، انہوں نے کبھی بھی مذہب کی پرواہ نہیں کی۔ انہیں معاشرتی پابندیوں پر کبھی اعتراض نہیں ہوتا ہے۔ اور نہ ہی انہوں نے کبھی روایات پر عمل کیا۔

میڈونا کے گانوں کی کامیاب المبز میں ‘لائیک اے پریئر’، ‘میٹریل گرل’ اور ‘لائیک اے ورجن’ شامل ہیں۔

میڈونا کا شمار متاثر کرنے والی شخصیات میں ہوتا ہے۔ ان کی 30 کروڑ 35 لاکھ البمز فروخت ہو چکی ہیں۔

میڈونا کی پہلی فلم ‘ڈیسپرٹلی سیکنگ سوسن’، 1985 میں ریلیز ہوئی تھی جب کہ فلم ‘ایویٹا’ کے لیے 1996 میں انہیں بہترین اداکارہ کا ‘گولڈن گلوب ایوارڈ’ دیا گیا تھا۔

https://www.nme.com/wp-content/uploads/2020/03/Madonna.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: