بریگزٹ: برطانوی وزیرِ اعظم کے والد کا فرانسیسی شہریت لینے کا اعلان

بریگزٹ: برطانوی وزیرِ اعظم کے والد کا فرانسیسی شہریت لینے کا اعلان

برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن کے والد اسٹینلی جانسن نے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد فرانس کی شہریت لینے کا عندیہ دیا ہے۔

ہمارا ہند کے مطابق ، بورس جانسن کے والد اسٹینلے جانسن نے جمعرات کو آر ٹی ایل ریڈیو کو بتایا کہ وہ ‘برجٹ’ کے بعد بھی یورپی یونین کے ساتھ تعلقات برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ فرانسیسی پاسپورٹ کے لئے درخواست دیں گے۔

اسٹینلی جانسن یورپی پارلیمنٹ کے ممبر رہ چکے ہیں۔ برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی سے متعلق 2016 میں ہونے والے ریفرنڈم میں اسٹینلی جانسن نے بریگزٹ کی مخالفت میں ووٹ دیا تھا۔

جمعرات کو ‘آر ٹی ایل ریڈیو’ سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹینلی جانسن نے کہا کہ وہ فرانس کے شہری بننا چاہتے ہیں کیوں کہ ان کے فرانس سے بہت گہرے خاندانی تعلقات ہیں۔

ان کے بقول “اگر میں درست سمجھ رہا ہوں تو میں بھی فرانسیسی ہوں۔ میری والدہ فرانس میں پیدا ہوئی تھیں۔ میری والدہ کی والدہ پوری فرانسیسی تھیں۔ لہٰذا میرے لیے یہ ایسا ہے کہ جیسے میں اپنی ہی کوئی چیز دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہوں اور اس سے مجھے بہت خوشی ملے گی۔


اسّی سالہ جانسن نے یہ گفتگو بھی فرانسیسی زبان میں کی۔ خیال رہے کہ اسٹینلی جانسن کی والدہ اور نانا دونوں فرانسیسی شہری تھے۔

انہوں نے مزید کہا “یہ بات تو یقینی ہے کہ میں ہمیشہ یورپی شہری رہوں گا۔ کوئی برطانوی شہریوں کو یہ نہیں کہہ سکتا کہ وہ یورپی نہیں ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ برطانیہ کے لیے یورپی یونین سے تعلقات بہت ضروری ہیں۔

واضح رہے کہ نئے سال کا آغاز ہوتے ہی برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہو گیا ہے۔ برطانیہ نے 48 سال قبل یورپی یونین میں شمولیت اختیار کی تھی اور 2016 میں ہونے والے ایک ریفرنڈم کے ذریعے یہ فیصلہ ہوا تھا کہ برطانیہ اپنی عوام کی خواہش کی بنا پر یونین سے علیحدگی اختیار کر لے گا۔

بورس جانسن نے 2016 کے ریفرنڈم کے دوران بریگزٹ کے حق میں بھرپور مہم چلائی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد برطانیہ ایک مکمل خود مختار ملک کے طور پر زیادہ تیزی سے ترقی کرے گا۔

Photo Credit : https://www.politico.eu/wp-content/uploads/2020/12/31/GettyImages-1205048130-1200×628.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: