ایمی ایوارڈز: ‘واچ مین’ سب سے زیادہ 11 ایوارڈز جیتنے میں کامیاب

ایمی ایوارڈز: ‘واچ مین’ سب سے زیادہ 11 ایوارڈز جیتنے میں کامیاب

ٹیلی ویژن کے آسکرز سمجھے جانے والے ایمی ایوارڈز میں کامیڈی ڈرامہ سیریز ‘سکسیشن’ ٹی وی سیریز ‘واچ مین’ اور کامیڈی سیریز ‘شٹ کریک’ کئی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

کرونا وبا کے باعث اتوار کو لاس اینجلس میں ہونے والا ایوارڈ شو روایت سے ہٹ کر ورچوئل یعنی آن لائن ہوا جس میں اداکاروں اور پرڈیوسرز نے اپنے گھر اور دیگر مقامات سے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

شو کے دوران کرونا کی وبا اور امریکہ کی سیاسی صورتِ حال سے متعلق لطیفوں کے علاوہ نسلی انصاف کے حوالے سے بھی اپیلیں کی گئیں۔

ایچ بی او کی ڈرامہ سیریز ‘سکسیشن’ بہترین ڈرامے کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب رہی جس کی کہانی میڈیا سے تعلق رکھنے والے ایک گھرانے کے گرد گھومتی ہے۔

اداکار جیرمی اسٹرونگ کو ڈرامے میں بہترین اداکاری پر ‘بیسٹ ایکٹر’ کا ایمی ایوارڈ ملا۔ ڈرامہ سیریز کی بہترین اداکارہ کا ایوارڈ یوفوریا کے لیے زینڈایا کے نام رہا۔

مجموعی طور پر ‘سکسیشن’ کو بہترین ہدایت کاری اور بہترین کہانی سمیت سات ایوارڈز ملے۔

ٹی وی سیریز ‘واچ مین’ کو کم اقساط کی بہترین سیریز کا ایوارڈ ملا جب کہ مجموعی طور پر یہ سیریز 11 ایوارڈ سمیٹنے میں کامیاب رہی۔

ایچ بی او نے مجموعی طور پر 30 اور نیٹ فلکس نے 21 ایمی ٹرافیاں سمیٹیں۔

‘واچ مین’ میں پولیس کے جاسوس کا کردار نبھانے والی ریجینا کنگ کو محدود سیریز کی کیٹیگری میں بہترین اداکارہ کے ایمی کا حق دار قرار دیا گیا۔ اسی کیٹیگری میں بہترین اداکار کا ایوارڈ ‘آئی نو دس مچ از ٹرو’ کے لیے مارک روفالو کے نام رہا۔

ایک رن ڈاؤن موٹل میں رہنے پر مجبور مگر امیر خاندان کے گرد گھومتی کامیڈی سیریز ‘شٹ کریک’ نو ایمی ایوارڈز حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

‘شٹ کریک’ کو بہترین کامیڈی سیریز کے ایوارڈ سمیت سیریز میں عمدہ اداکاری پر کینیڈین اسٹارز کیتھرین او ہارا، یوجین لیوی، ان کے بیٹے ڈینئل لیوی اور اینی مرفی کو بھی ایمی ایوارڈز سے نوازا گیا۔

کرونا وبا کی وجہ سے ایوارڈز کی تقریب سے قبل نہ تو کوئی ریڈ کارپٹ ہو سکا اور نہ ہی مداحوں کو آنے کی اجازت دی گئی۔ تاہم ایوارڈ شو کی انتظامیہ نے کیمرے اور مائیکرو فونز 125 مختلف مقامات پر موجود نامزدگیاں حاصل کرنے والے افراد کو بھجوائے جنہوں نے انٹرنیٹ کے ذریعے تقریب میں شرکت کی۔

https://i.inews.co.uk/content/uploads/2020/09/PRI_165621935-640×360.jpg

Leave a Reply

Your email address will not be published.

%d bloggers like this: